120افراد زخمی،20افراد کو گرفتار کرلیا گیا ,مظاہرین نے نیشنل پیلس کے باہر لگی رکاوٹیں توڑ دیں
میکسیکو سٹی (آئی این پی )میکسیکو میں تشدد کے بڑھتے واقعات اور ایک میئر کے سرعام قتل کے بعد جنریشن زی گروپ کے احتجاج کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیل گیا ہے۔دارلحکومت میکسیکوسٹی سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، جبکہ دارالحکومت میکسیکو سٹی میں مظاہروں نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔میکسیکو سٹی میںجین زی گروپ سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے صدارتی محل کے سامنے جمع ہو کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، نقاب پوش مظاہرین نے نیشنل پیلس کے باہر لگی رکاوٹیں توڑ دیں جہاں صدر کلاڈیا شائن با رہائش پذیر ہیں، جس کے نتیجے میں ہنگامہ آرائی ہوئی ۔پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا، آنسو گیس کے شیل برسادئیے، مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھر ائو کیا، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔سٹی کے سیکریٹری برائے عوامی تحفظ پابلو وازکیز کے مطابق جھڑپوں میں 100 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 40 کو اسپتال منتقل کرنا پڑا، جبکہ 20 شہری بھی زخمی ہوئے