اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی دارلحکومت اسلام آبا د میں وکلا نے پیر کو ججز تعیناتیوں اور 26ویں ترمیم کے خلاف احتجاج کیلئے سپریم کورٹ کا رخ کیا اور اور ریڈ زون کی طرف بڑھنے شروع ہوگئے،اس دوران کئی مقامات پرپولیس اور وکلامیں جھڑپیں بھی ہوئیں، پولیس نے احتجاجی وکلا پر لاٹھی چارج بھی کیا۔ پولیس اور وکلا کے درمیان جھڑپ کے بعد احتجاجی وکلا منتشر ہوگئے اور سری نگر ہائی وے پر دھرنا دے دیا اور مری جانے والی سڑک کو بند کر دیا۔تفصیل کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم اور جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے خلاف وکلا ایکشن کمیٹی نے احتجاج کے دوران اسلام آباد کے سرینا چوک سے سپریم کورٹ جانے کی کوشش کی تو وکلا اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔پولیس کی جانب سے وکلا کو روکنے کی کوشش کی گئی۔وکلانے سری نگرہائی وے سرینہ چوک کو بھی بند کردیا ، تاہم مری سے آنے والی سڑک پر ٹریفک رواں دواں رہی ۔ریڈ زون بند کرنے کے باعث ٹریفک روانگی متاثر گاڑیوں کی رش لگ گئی۔ مارگلہ روڈ سے ریڈ زون داخلے کیلئے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔