ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کی کھلی کچہری ،مسائل سنے

  تشدد، غندہ گردی، دھونس زبردستی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی
 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کی ایمرجنسی ڈیوٹی کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ بلاتعطل جاری ہے۔کھلی کچہری میں فراڈ، وراثتی جھگڑوں، کرایہ داری معاہدوں کی خلاف ورزی کی شکایات موصول ہوئیں۔ فیصل کامران نے کھلی کچہری میں آئے سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر براہِ راست متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ انہوں نے شہری کی دوسرے صو بے کے 2016 سے مفرور اشتہاری مجرم کی گرفتاری کی استدعا پر ایس ایچ او شفیق آباد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی۔ اسی طرح ڈی ایس پی گجر پورہ کو خاتون افسر کی موجودگی میں خاتون پر تشدد کی فوری انکوائری کا حکم دیا گیا۔ فیصل کامران نے حقیقی بیٹاکا گھر پر قابض ہوکر والدہ کو گھر سے نکالنے پر ایس ایچ او شفیق آباد کو وقوعہ کی تصدیق کے بعد والدین تحفظ ایکٹ کے تحت بزرگ خاتون کی مددکا حکم دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تشدد، غندہ گردی، دھونس زبردستی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ لاہور پولیس مظلوم کی ڈھال بنے، قانون شکنوں کو ہر صورت گرفت میں لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست میرے دفتر آئیں،جرائم کے خاتمے کے لیے مشکوک سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دیں۔