مذاکرات کیلئے تیار ہیں ‘ ڈیل کی باتیں درست نہیں :شیخ وقاص اکرم

یہ نہیں ہو سکتا   آپ جوڈیشل کمیشن بھی نہ بنائیں اور ہم مان جائیں:میڈیا سے گفتگو
 پشاور(آئی این پی )ترجمان پی ٹی آئی  شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ  ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں مگر ڈیل کی باتیں درست نہیں ہیں۔پشاورہائی کورٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ کچھ اخباروں میں اسٹوری لگی ہے کہ بانی کو پیش کش ہوئی ہے اور وہ مان گئے ہیں۔ یہ خبر غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی ڈیل پر راضی ہوئے ہیں اور نہ یہ بات ہوئی ہے جو اخبارات میں چل رہی ہے۔  عمران خان مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ مگر یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ جوڈیشل کمیشن بھی نہ بنائیں  اور ہم مان جائیں۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ اگر کوئی خیبر پختونخوا میں کرپشن کے پیسے پی ٹی آئی دھرنوں اور 9 مئی میں استعمال کرنے کی بات کر رہا ہے تو کے پی کے میں کسی نمائندے سے پوچھ لیں تو اچھا ہوگا۔ یہ مزاحیہ الزام لگانا پی ٹی آئی پر ایک مذاق ہے، پہلے کرپشن ثابت تو کریں۔