حکومت نے اداروں اور عوام کو آمنے سامنے کھڑا کرنے کی مذموم سازش کی،سیکرٹری اطلاعات
اسلام آباد (بیورو رپورٹ )سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ مذاکرات کے حق میں رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ ہاتھ اٹھالے تو پنجاب اور وفاقی حکومت کا پتہ بھی نہیں چلے گا کہ کہاں گئی،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جان کو خطرہ اور فیملی پر الزام فیصل واوڈا کی گھٹیا فضول بات ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جب مذاکراتی کمیٹی بنائی تو مذاکرات کیلئے نکات بھی سامنے رکھ دیئے تھے، اس میں 9مئی اور 26نومبر کے حوالے سے جو ہم پر جعلی مقدمات اور اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ حکومت پہلے کہتی تھی کہ پی ٹی آئی مذاکرات نہیں کررہی، اب وقت آیا ہے، پی ٹی آئی ہمیشہ مذاکرات کے حق میں رہی ہے، سات ماہ پہلے بھی 3رکنی کمیٹی بنائی تھی اب پھر 5رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے۔حکومت نے اداروں اور عوام کو آمنے سامنے کھڑا کرنے کی مذموم سازش کی، پھر اس کے جو نتائج نکلے اس سے حالات خراب ہوسکتے ہیں، اسی لئے عمران خان نے مذاکرات کا راستہ لینا بہتر سمجھا۔