گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانا چاہتے ہیں:شیخ وقاص اکرم

 پشاور(آئی این پی )پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہم گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانا چاہتے ہیں،تحریک انصاف  اور جمعیت علمائے اسلام  (ف ) کے  مابین  اس معاملے  پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے،مولانا فضل الرحمن کے گرینڈ الائنس پر خدشات دور کیے جاسکتے ہیں  ،یہ بات کہنا غلط ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت دہشت گردی سے غافل ہے  ، فیک اکائونٹس کوہماری سوشل میڈیا آفیشل ٹیم کے بچوں سے منسوب کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاو ر میں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔  شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ہمارے بچے اٹھائے گئے یہ قابل مذمت ہے، آپ نے قانون وآئین کا تماشا بنایا ہوا ہے، آج نوجوانوں کے ساتھ ضد لگا کربیٹھ گئے ہیں وہ آپ کو مان لیں، نوجوانوں کو اپنے حقوق کا پتا ہے، جن لوگوں نے بانی کا پیغام گھر گھر پہنچایا یہ وہی نوجوان تھے۔انہوں نے کہا کہ جو آپ کے ایجنڈے پر نہیں چلتا آپ اس کو انتشاری اورہندوستان کے ساتھ نہیں ملا سکتے، جو بچے اغوا ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، یہ بچے پاکستانی ہیں اور ملک کا مستقبل ہیں، آپ اپنے اورقوم کیلئے مسائل پیدا نہ کریں، دہشتگردی کے مسئلے پر ڈیل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔