مریم نواز نے ہر بیماری کا علیحدہ کارڈ شروع کردیا، پنجاب میں کسان دشمنی کی پالیسی چل رہی ہے
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے مریم نواز کہہ رہی ہیں ہم نے معیشت صحیح سمت میں ڈال دی ہے، یہ لوگ جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں، ان کے دور میں پی آئی اے سمیت سارے ادارے خسارے میں جا رہے ہیں۔پشاور میں مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا قوم کے اداروں کو ان لوگوں نے اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں کیا، مریم نواز نے پنجاب میں بنیادی صحت یونٹس اپنے نام سے منسوب کر دیے، کالجز یونیورسٹیز سب اپنے خاندان کے نام سے منسوب کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے ہر بیماری کا علیحدہ علیحدہ کارڈ شروع کردیا، پنجاب میں کسان دشمنی کی پالیسی چل رہی ہے، پی ٹی آئی نے مرغیوں کا پروگرام شروع کیا تو مذاق اڑایا گیا، اب یہ لوگ خود مذاق بن گئے ہیں۔مزمل اسلم نے کہا خیبر پختونخوا کا 725 ارب روپے کا مجموعی قرض ہے، اتنا قرض شہباز نے صرف ایک ہفتے میں لیا، ہمارے دفاتر سے اب پنجاب والے پوچھ رہے ہیں کیسے ہم نے معیشت کو بہتر کیا، قرض اتارنے کیلیے الگ سسٹم شروع کیا۔