شہداء کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے دیئے جائینگے:وزیراعلی سندھ

کراچی(آئی این پی)وزیراعلی سندھ نے بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کو دس دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور قومی سطح پر یوم تشکر منانے کے سلسلے میں وزیراعلی سندھ نے سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔ ترجمان عبدالرشید چنا کے مطابق پرچم کشائی کی تقریب نیو سیکریٹریٹ کے آنگن میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور اعلی افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وزیراعلی سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے، ہمارے جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور پوری قوم کو اپنے سپوتوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم کا جذبہ حب الوطنی قابلِ تقلید ہے، وطن کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پوری قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور عوام ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے واضح کیا کہ سندھ کے نوجوان ملکی دفاع میں ہر اول دستہ ہیں۔ ہمیں دشمن کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے اور پوری قوم متحد ہے۔