پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کاروباری افراد کو 5 کروڑ تک بلاسود قرضے دیئے جائینگے مریم نواز

پنک سالٹ پاکستان کی انفرادیت ہے، نمک ہمارا اور مزدوری ہماری ہے، لیکن دوسرے ملک فائدہ اٹھا رہے ہیں:تقریب سے خطاب
 نوازشریف  مریم نواز کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس، مری ڈویلپمنٹ پلان  کا جائزہ لیاگیا‘ پراجیکٹس پر رپورٹ پیش
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پہلے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے معدنی اثاثے پنک سالٹ کو عالمی مارکیٹ میں خام مال کے بجائے پاکستانی برانڈ کے طور پر متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اسکیم کے تحت کاروباری افراد کو 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود  قرضے دیے جائیں گے۔مریم نواز شریف نے بلاسود قرضے حاصل کرنے والے 10 کاروباری افراد میں چیک تقسیم کیے اور ان سے بات چیت کی۔ انہوں نے پنک سالٹ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں دنیا بھر میں پاکستان کے نام سے  متعارف کرانے پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن  فنانسنگ اسکیم کے تحت مزید لوگوں کو قرضے جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شیر علی گورچانی اور سیکرٹری معدنیات نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کے تحت 5 ارب روپے کے بلاسود قرضے دیے جارہے ہیں، جبکہ اسکیم کے تحت 5 کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔ اسکیم پر 1.456 ارب روپے کا سود حکومت پنجاب ادا کرے گی۔دریں اثناء مسلم لیگ  ن کے صدر محمد نوازشریف اوروزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس ہواجس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کے پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔چیئر پرسن سٹیئرنگ کمیٹی برائے مری ڈویلپمنٹ پروگرام مریم اورنگزیب نے تفصیلی بریفنگ دی،مری میں واٹر سپلائی کے پانچ بڑے پراجیکٹس پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔مری کے لئے وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر جار بڑی واٹر سپلائی سکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں،واٹر سپلائی کے چاربڑے پراجیکٹس کی تکمیل سے مری کو7لاکھ گیلن اضافی پانی ملنے لگاہے