گل پلازہ آگ سے مکمل مرجھا گیا‘ہلاکتیں26ہوگئیں‘60افراد لاپتہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ‘ تمام متاثرین کو امداد دینگے:وزیراعلی سندھ

گل پلازہ میں ہنگامی اخراج کی جگہ اور آگ سے نمٹنے کے انتظامات نہیں تھے،عمارت میں 500 دکانوں کی گنجائش  لیکن  تعداد1200 ہوگئی تھی،  حکام کی رپورٹ‘  سانحہ  پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے  6 ٹیمیں تشکیل 
گل پلازہ میں آگ لگنے پر شدید دکھ ہے، جانی نقصان کا مطلب ہے کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں، تمام متاثرین چلتے ہوئے کاروبار سے بے روزگار ہوگئے، میں چاہتا ہوں تمام متاثرین کی بحالی کے لئے اقدامات کروں:مراد علی شاہ
کراچی(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، آتشزدگی کے سبب عمارت کا  زیادہ تر حصہ منہدم ہوگیا، دم گھٹنے اور جھلس کر جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی، ملبہ ہٹانے اور لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ریسکیو اہلکار 40 گھنٹوں بعد گل پلازہ کی عمارت میں داخل ہوگئے اور موجود افراد کی تلاش میں آپریشن شروع کر دیا، پہلی منزل پر لاشوں کی تلاشی کا کام مکمل ہوگیا اور اب دوسری منزل پر زندہ یا مردہ افراد کی تلاش جاری ہے۔دوسری منزل پر لوگوں کی تلاش جاری تھی کہ اس دوران دوبارہ آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر بریگیڈ کی گاڑی نے پھر سے پانی برسانا شروع کردیا۔۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق کٹرکی مدد سے کھڑکیوں کو کاٹا جارہاہے، ہتھوڑوں کی مدد سے دیوار کو بھی گرایا جارہا ہے۔  ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کم زور ہوگئے ہیں، متعدد دراڑیں پڑ گئی ہیں، عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث گرنے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کے تمام متاثرین کی بحالی کریں گے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر حسین ، سعید غنی، میئر اور دیگرشریک ہوئے‘مراد علی  شاہ نے کہا فوری طور پر کوشش ہے مسنگ افراد کا پتہ لگ سکے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑروپے دیں گے، کاغذات مکمل ہوتے ہی یہ سلسلہ شروع ہوجائے گا، امدادی رقوم کی فراہمی  آج  سے شروع ہو جائے گی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے پر شدید دکھ ہے، جانی نقصان کا مطلب ہے کہ کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں، تمام متاثرین چلتے ہوئے کاروبار سے بے روزگار ہوگئے، میں چاہتا ہوں تمام متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کروں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کا بار بار فون آ رہا ہے، پیپلز پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ گل پلازہ کے تاجروں کو فوری بحال کیا جائے،  پلازہ کے تمام متاثرین کو بحال کریں گے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کس طرح تمام متاثرین کی بحالی ہو، اس کا فیصلہ کرنا ہے ۔اس کے علاوہ مراد علی شاہ نے حکام کو ہدایت کی کہ ملبہ اٹھانے کا کام فوری شروع کریں