امریکا ایران جنگ بندی کے بعد عراق کی فضائی حدود بحال، فلائٹ آپریشن دوبارہ فعال

امریکا ایران جنگ بندی کے بعد عراق کی فضائی حدود بحال، فلائٹ آپریشن دوبارہ فعال

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد خطے میں فضائی سرگرمیوں کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت عراق کی فضائی حدود اور ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بغداد، بصرہ اور اربیل ایئرپورٹس سے مجموعی طور پر 12 پروازیں آپریٹ کی گئیں، جس سے فضائی ٹریفک میں بتدریج بہتری دیکھی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق سب سے پہلے اردن کی قومی ایئرلائن نے عمان سے بغداد کے لیے دو پروازیں بحال کیں، جبکہ فلائی دبئی نے بھی دبئی سے بصرہ کے لیے دو پروازیں چلائیں، جنہوں نے نسبتاً طویل روٹ اختیار کیا۔عراقی ایئر ویز نے بھی تقریباً 40 دن کے وقفے کے بعد بغداد سے استنبول کے لیے اپنی پہلی پرواز آپریٹ کی، جسے فضائی رابطوں کی بحالی میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل عارضی جنگ بندی کے بعد عراق نے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی تھیں، جس کے بعد خطے میں تجارتی اور مسافر پروازوں کی بحالی کا عمل شروع ہوا۔ذرائع کے مطابق عراق کی فضائی حدود میں اب بھی مختلف ممالک، بشمول امریکی فضائیہ کے طیاروں کی پروازیں جاری ہیں، تاہم مجموعی صورتحال میں بتدریج استحکام دیکھا جا رہا ہے۔