آپریشن "غضب للحق": پاک افواج کے افغانستان میں کامیاب فضائی حملے، متعدد تنصیبات تباہ

آپریشن

آپریشن "غضب للحق" کے تحت پاک افواج نے افغانستان میں کامیاب فضائی کارروائیاں کیں۔

بتایا گیا ہے کہ 16 مارچ کی شب کابل اور ننگر ہار میں افغان طالبان کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ذرائع کے مطابق کابل میں دو مختلف مقامات پر ٹیکنیکل سپورٹ انفراسٹرکچر اور ایمونیشن سٹوریج کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا۔ فضائی حملوں کے بعد ہونے والی سیکنڈری ڈیٹونیشن سے بلند شعلوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ وہاں بارود کا بڑا ذخیرہ موجود تھا۔سکیورٹی ذرائع نے افغان طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد کے اس بیان کو مسترد کیا ہے جس میں ڈرگ ہسپتال کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، اور اسے مضحکہ خیز قرار دیا۔

ننگر ہار میں کارروائی کے دوران پاک افواج نے چار مختلف مقامات پر افغان طالبان کی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جبکہ ملحقہ لاجسٹک، ایمونیشن اور ٹیکنیکل انفراسٹرکچر کو بھی تباہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن "غضب للحق" کے تحت کارروائیاں مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔