پنجاب اسمبلی ارکان 2 ماہ کی تنخواہ اور الائونسز کا 25 فیصد وزیراعظم کفایت فنڈ میں دینگے مریم نواز

 گریڈ 17 اور اوپر کے تمام سرکاری افسر دو دن کی بنیادی تنخواہ کفایت فنڈ میں دینگے‘ کابینہ نے اعلیٰ عدلیہ کیلئے 10  گاڑیاں خریدنے کیلئے فنڈز کی منظوری دے دی
 قصور میں میاں نواز شریف انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی کیلئے اراضی فراہم کرنے کی منظوری،کندیا ں میں سپورٹس کمپلیکس ‘ صوفی آباد فیروز پو رروڈ لاہور پر  خواتین کالج  بنے گا
 پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں بھرتیوں کی منظوری ، لاہور،راولپنڈی اور فیصل آباد کی وویمن جیلوں میں واچ اینڈ گارڈ اور دیگر سٹاف کی نئی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری بھی دی گئی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا پہلا ویڈیولنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کفایت شعاری مہم کے تحت تمام وزراء اور افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے کابینہ اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی کابینہ نے ماہ رمضان میں  رمضان نگہبان پیکج پروگرام کی کامیاب تکمیل پر اظہار تشکر کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور صوبائی کابینہ نے ضلعی انتظامیہ ، پولیس ، پنجاب بینک اور تمام متعلقہ حکام کو رمضان نگہبان پیکج کی کامیابی پر شاباش دی۔ صوبائی کابینہ نے ایران ، اسرائیل جنگ پراحتجاجی مظاہروں کیلئے بروقت اقدامات پراطمینان کا اظہار کیا۔ صوبائی کابینہ ارکان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے احتجاجی مظاہرین کو افطاری مہیا کرنے پر خراج تحسین کیا۔ کفایت شعاری پروگرام کے تحت صوبائی کابینہ ارکان، معاون خصوصی ، پارلیمانی سیکرٹریزدو ماہ کی تنخواہ وزیراعظم کفایت فنڈ میں دیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے ارکان دو ماہ تنخواہ اور الائونسز کا 25 فیصد وزیراعظم کفایت فنڈ میں رضاکارانہ طور پر دیں گے۔ پنجاب میں گریڈ 17 اور اوپر کے تمام سرکاری افسران دو دن کی بنیادی تنخواہ کفایت فنڈ میں دیں گے۔ پنجاب بھر میں الیکٹرک بسوں کے لئے بس سٹاپ شیلٹرز بنانے کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے اعلیٰ عدلیہ کے لئے 10 سرکاری گاڑیاں خریدنے کے لئے فنڈز کی منظوری دے دی۔ قصور میں میاں نواز شریف انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی کیلئے اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ سرگودھا میں قائد اعظم انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز کے چارٹر کی منظوری دی گئی۔ راولپنڈی شہر کے لئے واٹر ڈسٹری بیوشن اور چر رڈ ڈیم کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔سائبر سیکورٹی پراجیکٹ سکیم کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کندیا ں میں سپورٹس کمپلیکس بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب سے واجبات کو یکمشت وصولی سے روک دیا اور کہا کہ میں صرف اور صرف عوام کے مفاد کے بارے میں ہی سوچتی ہوں۔ عوامی مفادات کے برعکس کوئی اقدام قابل قبول نہیں۔ اجلاس میں پیف ٹکPIFTAC کیلئے 137 پوسٹوں کی منظوری دی گئی۔ پیف ٹک میں اے آئی ہب منظوری دی گئی۔ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس اور میا ںمیر سپورٹس کمپلیکس کے سکوائش کورس کوفری کوچنگ کے لئے پاکستان سکوائش اکیڈمی کو دینے کی منظوری دی گئی۔ مری میں پہلی مرتبہ سپیشل بچوں کے لئے سپیشل ایجوکیشن مڈل سکول کی سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ بنانے کی منظوری دی گئی۔مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سنٹر برائے آرٹزم لاہور میں 164 منظور شدہ آسامیوں پر بھرتی پر پابندی میں نرمی کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ادارے میں سکول ٹیچنگ انٹرن ہائر کرنے کی منظوری دی گئی۔  پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔ پنجاب انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او اور کمپنی سیکرٹری مقرر کرنے کیلئے بھرتی میں پابندی کے لئے نرمی کی منظوری دی گئی۔لاہور،راولپنڈی اور فیصل آباد کی وویمن جیلوں میں واچ اینڈ گارڈ اور دیگر سٹاف کی نئی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔ جرائم کے واقعات میں شہادتوںکے یقینی تحفظ کے لئے کرائم سین یونٹ پی ایف ایس اے رولز 2025ء کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے بیسک اور کلینکل سائنسز کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تین سالہ کنٹریکٹ پر تعیناتی کے لئے عمر کی حد 65 سال تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔ پنجاب پروانشل، کوآپریٹوبینک لمیٹڈ میں سرکاری فنڈز اکائونٹ کھولنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول ٹریننگ کے لئے ایس ایس جی ٹرینرز کی خدمات کی منظوری دی گئی۔ چائلڈ پروٹیکشن کورٹ لاہور میں  پریزائیڈنگ آفیسر کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ضلع قصور کے سرحدی علاقوں میں دفاعی بند کی تعمیر ومرمت کے لئے اضافی فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ سیلابی پانی سے بچائو کے لئے بند بنانے کے لئے روڈا کو گرانٹ ان ایڈ دینے کی منظوری دی گئی۔ شیخ زید ٹو ٹیچنگ ہسپتال رحیم یار خان کی تکمیل کی منظوری دی گئی۔۔ اعلیٰ عدلیہ کے جج کے علاج کے لئے 274895 کے اخراجات کی واپس ادائیگی کی منظوری دے دی۔