پشاور ہائی کورٹ میں پولیس لائن دھماکے میں گرفتار پولیس اہلکاروں سمیت 6 ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے درخواستوں کی سماعت کی۔
عدالت نے تمام 6 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان میں فضل خالق، ہلال اور عبد الرحمان پولیس اہلکار ہیں، جبکہ ملزم عثمان واپڈا میں ملازم ہے۔ دیگر دو ملزمان عنایت الرحمان اور عبد الصابر کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔وکیل کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزم محمد ولی کا فضل خالق سے قریبی تعلق ہے اور دونوں کی ایک ساتھ تصویر بھی سامنے آئی ہے، لیکن اس تصویر کے علاوہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد نہیں ہیں۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔