پشاور میں گیس پائپ لائن دھماکے کا مقدمہ دہشت گردی کے تحت درج

پشاور میں گیس پائپ لائن دھماکے کا مقدمہ دہشت گردی کے تحت درج

پشاور کے علاقے حسن خیل میں گیس پائپ لائن کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے دھماکے سے اڑانے کے مقدمے کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

دہشت گردوں نے اس کارروائی کے لیے ریموٹ کنٹرول بم استعمال کیا، جس سے گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ ہوئی۔ اس سے قبل پولیس نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔پولیس کے مطابق، دھماکا ڈیڑھ کلوگرام وزنی بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، جو ایک آئی ای ڈی پائپ لائن کے ساتھ چھوڑا گیا تھا۔ اس حملے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ ملزمان نے حملے کے بعد ایک اور آئی ای ڈی پائپ لائن کے ساتھ چھوڑا تھا، جسے بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز حسن خیل میں گیس پائپ لائن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن میں آگ لگ گئی تھی۔ ترجمان سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ متاثرہ حصے کو عوام کے تحفظ کے لیے علیحدہ کر دیا گیا ہے، اور اس واقعے کے سبب صوبے کے تین اضلاع میں گیس کی فراہمی معطل ہے۔