میسی کی شاندار ہیٹ ٹرک، ارجنٹینا نے الجزائر کو شکست دے کر ورلڈ کپ مہم کا فاتحانہ آغاز کر دیا

میسی کی شاندار ہیٹ ٹرک، ارجنٹینا نے الجزائر کو شکست دے کر ورلڈ کپ مہم کا فاتحانہ آغاز کر دیا

دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو الجزائر کے خلاف با آسانی فتح دلادی۔

کنساس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں ارجنٹینا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹائٹل کے دفاع کا مضبوط آغاز کیا۔میسی نے میچ کے 17ویں منٹ میں خوبصورت گول کے ذریعے اسکورنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں الجزائر کے گول کیپر لوکا زیدان کی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے اپنا دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ 76ویں منٹ میں زوردار شاٹ کے ذریعے اپنی ورلڈ کپ کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ میسی کے ورلڈ کپ گولز کی تعداد 16 تک پہنچ گئی، جس کے بعد وہ جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ساتھ ٹورنامنٹ کی تاریخ کے مشترکہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔38 سالہ میسی نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

فتح کے بعد ارجنٹینا اب گروپ جے میں اپنے اگلے میچز آسٹریا اور اردن کے خلاف کھیلے گی۔