پاکستان چیمپئنز کا فاتحانہ آغاز، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں انگلینڈ کو شکست

پاکستان چیمپئنز کا فاتحانہ آغاز، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں انگلینڈ کو شکست

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے افتتاحی میچ میں پاکستان چیمپئنز نے میزبان ٹیم انگلینڈ چیمپئنز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا شاندار آغاز کر لیا۔

میچ کا آغاز پاکستان چیمپئنز کی بیٹنگ سے ہوا جنہوں نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔ تجربہ کار کپتان محمد حفیظ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔انگلینڈ کی طرف سے کرس ٹریملٹ سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ چیمپئنز کی ٹیم نے بھی بھرپور مزاحمت کی۔ فل مسٹرڈ نے 58 رنز اور سابق ٹیسٹ اسٹار ایان بیل نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا، تاہم وہ مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکے اور انگلینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز تک محدود رہی۔پاکستان چیمپئنز کی جانب سے رومان رئیس، سہیل تنویر اور عامر یامین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کے اسکور کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ایونٹ میں پاکستان چیمپئنز کا اگلا مقابلہ 20 جولائی کو روایتی حریف بھارت چیمپئنز کے خلاف ہو گا، جس کا شائقین کرکٹ کو بے صبری سے انتظار ہے۔