فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں اضافی وقت میں 1-0 سے شکست کے بعد ارجنٹینا کی قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، جہاں شائقین نے اس کا شاندار استقبال کیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر سرخ قالین بچھایا گیا، فوجی بینڈ نے خیرمقدم کیا جبکہ ہزاروں مداح قومی فٹبال ایسوسی ایشن کے دفتر کے باہر جمع ہوئے۔رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی ٹیم کے ہمراہ واپس نہیں آئے، کیونکہ ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ چند کھلاڑی وفد کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی نے اپنی کلب ٹیم انٹر میامی کے نئے سیزن کی تیاری اور جسمانی و ذہنی بحالی کے لیے امریکا میں قیام کیا، کیونکہ کلب کا پہلا میچ 23 جولائی کو شیڈول ہے۔
بعد ازاں لیونل میسی نجی طیارے کے ذریعے ارجنٹینا پہنچ گئے۔ رپورٹس کے مطابق وہ جولائی کے آخر یا اگست کے آغاز میں دوبارہ انٹر میامی کو جوائن کریں گے تاکہ میجر لیگ ساکر (MLS) کے جاری سیزن میں حصہ لے سکیں۔ادھر ارجنٹینا کی قومی ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں بس کے ذریعے لیونل آندریس میسی ٹریننگ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں راستے بھر شائقین نے قومی پرچم، ڈھول اور نعروں کے ساتھ کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔