ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کی استقبالیہ پریڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے براہِ راست اپنے آبائی شہر روزاریو کا رخ کیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی بیونس آئرس میں ہونے والی اوپن ٹاپ بس پریڈ کا حصہ نہیں بنے اور نجی طیارے کے ذریعے روزاریو روانہ ہوگئے، جہاں وہ کچھ وقت اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ گزاریں گے۔فیفا ورلڈ کپ کے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول کی بدولت ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے چند کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا۔دوسری جانب ارجنٹینا کی قومی ٹیم کی وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی کھلاڑی امریکا میں ہی رک گئے، جبکہ صرف 15 کھلاڑی ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی کے ہمراہ استقبالیہ پریڈ میں شریک ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق میسی اپنی مصروفیات سے وقفہ لے کر اپنے والد خورخے میسی، والدہ سیلیا کوچیتینی اور دیگر اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ ان کے والد صحت کے مسائل کے باعث ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم جا کر میچز نہیں دیکھ سکے تھے۔شکست کے بعد لیونل میسی نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے مداحوں کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "یہ زخم بھرنے میں وقت لگے گا، لیکن مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل تک پہنچنا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔"میسی نے اپنے پیغام میں اسپین کو عالمی چیمپئن بننے پر مبارکباد بھی پیش کی اور ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔