ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ میچ میں بھارت کے شہر کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔
میچ میں ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر روماریو شیفرڈ کی ہیٹ ٹرک، پانچ وکٹیں، شاندار کیچ اور نکولس ہیٹ مائر کی جارحانہ نصف سنچری فیصلہ کن ثابت ہوئی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کا آغاز توقعات کے مطابق نہ رہا اور پاور پلے میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر صرف 33 رنز بنائے۔ مارک واٹ کی قیادت میں اسکاٹ لینڈ کے اسپنرز نے ابتدائی اوورز میں نپی تلی بولنگ کی اور 10 اوورز میں ویسٹ انڈیز کو 2 وکٹوں پر 66 رنز تک محدود رکھا۔میچ کے درمیانی اوورز میں بائیں ہاتھ کے بلے باز نکولس ہیٹ مائر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے 36 گیندوں پر 64 رنز بنائے، جس میں 6 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جبکہ صرف 22 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کپتان رومین پاؤل نے بھی ہیٹ مائر کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے مل کر 37 گیندوں پر 81 رنز کی تیز رفتار شراکت قائم کی۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور پاور پلے میں 3 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ بعد ازاں وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ بیرنگٹن اور بروس نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم میچ مکمل طور پر ویسٹ انڈیز کے کنٹرول میں نظر آیا۔روماریو شیفرڈ نے بولنگ میں تباہ کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اننگز کے 17ویں اوور میں شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ جیسن ہولڈر نے بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔یوں ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے کر اپنی ورلڈ کپ مہم کا کامیاب آغاز کیا۔