اسلام آباد (آن لائن) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور کشمیری حقوق کی سرگرم کارکن مشعال ملک نے شاہ غلام قادر کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریت کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنا کسی فرد یا سیاسی رہنما کا اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون ان کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کون محض بیانات تک محدود ہے۔اپنے بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی اْس شخص کے ساتھ وابستہ کی جس نے کشمیر کاز کے لیے اپنی آزادی قربان کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کی جدوجہد اور قربانیوں پر سوال اٹھانے والے پہلے اپنے کردار اور خدمات کا جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق اور ان کی آواز کو اجاگر کرنا ان کا بنیادی حق ہے اور وہ اس ذمہ داری سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ مشعال ملک نے سوال اٹھایا کہ کشمیریت کے دعوے کرنے والے یہ بھی بتائیں کہ انہوں نے کشمیر کے لیے کیا قربانیاں دی ہیں۔مشعال ملک کا کہنا تھا کہ وہ نہ پہلے خاموش تھیں اور نہ آئندہ خاموش رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کے لیے قربانیاں دینے والوں کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کشمیر کے حق اور کشمیری عوام کے حقوق کی بات کرنا جرم سمجھا جاتا ہے تو وہ یہ "جرم" آئندہ بھی کرتی رہیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کاز کے لیے اپنی جدوجہد اور آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گی اور کسی تنقید یا دباؤ سے مرعوب نہیں ہوں گی