پنجاب کا بجٹ عوام دوست، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا: مریم اورنگزیب

پنجاب کا بجٹ عوام دوست، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا: مریم اورنگزیب

سینئر صوبائی وزیر  مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جس میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔

لاہور میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی کی مثال نہیں ملتی۔ ان کے مطابق جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک معاشی بحران اور ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار تھا، تاہم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کو استحکام ملا اور پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب کے بجٹ کا مجموعی حجم 5 ہزار 903 ارب روپے سے زائد ہے، جبکہ وفاق کو مضبوط بنانے کے لیے صوبے نے اپنے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی برداشت کی، تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں پر کوئی کٹ نہیں لگائی گئی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جاری اخراجات میں 2.4 فیصد کمی کی، جبکہ صوبائی محصولات میں 300 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور اندرونی ریونیو 820 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے 3 ہزار سے زائد غیر ضروری جاری اسکیمیں بھی بند کی گئیں۔

سینئر وزیر کے مطابق سوشل سیکٹر کے لیے 33 کھرب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو مجموعی بجٹ کا 44 فیصد بنتے ہیں۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 66 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ 2 ہزار الیکٹرک بسوں کے منصوبے پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور اب تک ایک لاکھ 60 ہزار افراد کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 1995 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس میں سرکاری اور نجی شعبے دونوں کا اہم کردار ہوگا۔