پنجاب اور خیبرپختونخوا بارڈر پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے جمع کرائی، جس میں پنجاب پولیس کی جرات اور بہادری کو سراہا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس نے کورٹ مبارک کے قریب دہشت گردوں کے حملے کو انتہائی پروفیشنل انداز میں ناکام بنایا اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔اس کے علاوہ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے صوبے میں ممکنہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کو بھی ناکام بنایا اور اس کے نتیجے میں عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا۔
ایوان نے اس قرارداد میں یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ وہ پنجاب پولیس اور تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا، تاکہ ملک میں امن و امان قائم رکھا جا سکے۔یہ قرارداد پنجاب پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے، ان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے کے لیے جمع کرائی گئی ہے۔