وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کی ترقی کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب وائلڈ لائف فورس میں پہلی بار خواتین کو شامل کر لیا ہے، جس سے صوبے میں جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی۔
پنجاب وائلڈ لائف فورس میں 22 فیصد سے زائد خواتین کو منتخب کیا گیا ہے، جبکہ وائلڈ لائف سپروائزر کی آسامیوں پر کامیاب ہونے والوں میں خواتین کی شرح 47.2 فیصد اور مردوں کی شرح 48.6 فیصد ہے۔ اسی طرح وائلڈ لائف انسپکٹرز کے عہدوں پر 34 خواتین اور 35 مرد امیدوار کامیاب ہوئے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کامیاب خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خواتین کی قابلیت کو تسلیم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ وائلڈ لائف فورس میں خواتین کی شمولیت وزیراعلیٰ مریم نواز کے خواتین کی ترقی کے وژن کا عملی ثبوت ہے۔ نہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار ایک خاتون وزیراعلیٰ نے خواتین کے لیے اتنا بڑا قدم اٹھایا ہے، جس سے ہر بیٹی کو یہ اعتماد ملے گا کہ وہ ہر شعبے میں کامیابی کی مثال بن سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وائلڈ لائف فورس کا قیام جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف ماحول کا تحفظ ممکن ہوگا بلکہ خواتین کو بھی ایک نیا میدان میسر آئے گا۔