شہر میں ایل پی جی کی فروخت سرکاری نرخوں کے برخلاف من مانی قیمتوں پر جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو اضافی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم متعدد مقامات پر یہی گیس 350 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر ایل پی جی ڈیلرز سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد نہیں کر رہے اور اپنی مرضی کے مطابق قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے کے باعث گھریلو اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے اور عام صارف شدید متاثر ہو رہا ہے۔صارفین نے شکایت کی ہے کہ قیمتوں میں اس فرق کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی نظر نہیں آ رہی، جس کی وجہ سے ڈیلرز من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں نے انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر فروخت یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پہلے ہی گھریلو بجٹ کو متاثر کر رکھا ہے، ایسے میں ایل پی جی کی زائد قیمتیں عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔