ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، سرکاری نرخ کے برعکس 550 روپے فی کلو فروخت

ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، سرکاری نرخ کے برعکس 550 روپے فی کلو فروخت

لاہور: ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑے فرق کے باعث سرکاری نرخ نامہ غیر مؤثر ہو کر رہ گیا، سرکاری قیمت 294 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں گیس 500 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

سرکاری نرخ اور مارکیٹ میں دستیاب ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں فرق نے صارفین کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ مقررہ قیمت پر گیس دستیاب نہ ہونے کے باعث شہری اضافی رقم ادا کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ قیمتوں میں اس اضافے سے گھریلو بجٹ بھی متاثر ہو رہا ہے۔سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث شہریوں کا انحصار ایل پی جی پر بڑھ گیا ہے۔ ایسے میں مارکیٹ میں مہنگے داموں گیس کی فروخت نے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔دکانداروں کا مؤقف ہے کہ وہ خود مہنگے داموں ایل پی جی خریدتے ہیں اور صارفین کو معمولی منافع رکھ کر فروخت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق خریداری کی قیمت زیادہ ہونے کے باعث سرکاری نرخ پر گیس فروخت کرنا ممکن نہیں۔