لاہور میں ایل پی جی کی من مانی قیمتوں پر فروخت کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری نرخ نظر انداز کیے جانے کے باعث صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں ایل پی جی 380 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث شہریوں پر مہنگائی کا اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب انہیں سوئی گیس کے بل ادا کرنا پڑتے ہیں، جبکہ دوسری جانب گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے باعث مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔مکینوں کے مطابق من مانی قیمتوں پر ایل پی جی کی خریداری سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ مہنگائی کے موجودہ دور میں گیس کے اضافی اخراجات نے عام شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، من مانی قیمتوں پر گیس فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور صارفین کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔