ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج کے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سات دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔ اس کارروائی میں مادرِ وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی سرپرستی یافتہ تھے اور ان سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی بلا تعطل مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

وزیرِ اعظم نے آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور نائیک یاسر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں دینے سے بھی گریز نہیں کرتے اور پاکستانی قوم اپنے بہادر افسران کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔