بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور سہولت کار گرفتار

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور سہولت کار گرفتار

 بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور زیرِ استعمال موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران تنظیم کے متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، تاہم ان کی درست تعداد فوری طور پر سامنے نہیں آئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں امن و استحکام کے لیے فورسز کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔ وزیرِ داخلہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔