اچھرہ: 9 سالہ طالبہ نعیمہ کی موت، ابتدائی تحقیقات میں ممکنہ وجوہات سامنے آ گئیں

اچھرہ: 9 سالہ طالبہ نعیمہ کی موت، ابتدائی تحقیقات میں ممکنہ وجوہات سامنے آ گئیں

لاہور کے علاقے اچھرہ میں چند روز قبل اکیڈمی کے واش روم میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والی 9 سالہ طالبہ نعیمہ کی موت سے متعلق پولیس تحقیقات میں ابتدائی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

پولیس اور تفتیشی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نعیمہ مبینہ طور پر جیب خرچ کے لیے اضافی رقم کا مطالبہ کرتی تھی، جبکہ والدین کی جانب سے معمولی ڈانٹ ڈپٹ کو بھی وہ بہت زیادہ محسوس کرتی تھی۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی حساس طبیعت کی مالک تھی اور ابتدائی شواہد کی بنیاد پر جیب خرچ اور ڈانٹ ڈپٹ کو اس افسوسناک واقعے کی ممکنہ وجوہات میں شامل کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق نعیمہ چند روز قبل اکیڈمی گئی تھی، جہاں مبینہ طور پر اس نے واش روم میں خود کو نقصان پہنچایا۔ واقعے کے بعد اسے فوری طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق حتمی نتیجہ شواہد، تفتیش اور دیگر قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی حتمی نتیجے تک پہنچنے سے قبل تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کیا جائے، جبکہ بچوں کی ذہنی کیفیت اور رویوں میں تبدیلی پر والدین کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔