اچھرہ ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی کی ہلاکت، قتل کا مقدمہ درج، تحقیقات کا دائرہ وسیع

اچھرہ ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی کی ہلاکت، قتل کا مقدمہ درج، تحقیقات کا دائرہ وسیع

لاہور کے علاقے اچھرہ میں ٹیوشن سینٹر کے باتھ روم سے 10 سالہ بچی کی لاش ملنے کے واقعے کا پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق مقدمہ بچی کے والد محمد عدنان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے کے حقائق مزید واضح ہوں گے۔ابتدائی معائنے میں بچی کے گلے پر نشانات پائے گئے ہیں، جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق 10 سالہ نعیمہ اپنی بہنوں کے ہمراہ ٹیوشن پڑھنے گئی تھی، جہاں بعد ازاں اس کی لاش ٹیوشن سینٹر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی۔دوسری جانب صوبائی وزیرِ قانون رانا محمد اقبال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیرِ قانون نے پولیس کو شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمسن بچی کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن انصاف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔