سانحہ کاہنہ: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں چھت گرنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی

سانحہ کاہنہ: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں چھت گرنے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی

لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی گئی ہے، جس میں حادثے کی ممکنہ وجوہات اور ابتدائی حقائق سامنے لائے گئے ہیں۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حادثہ مخدوش اور کمزور چھت پر غیر معمولی اضافی بوجھ پڑنے کے باعث پیش آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چھت پر مٹی، ٹائلیں اور تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں کی موجودگی سے وزن بڑھ گیا، جسے عمارت کا کمزور ڈھانچہ برداشت نہ کر سکا اور چھت اچانک منہدم ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت ٹیوشن سنٹر کے کمرے میں 21 طالب علم موجود تھے۔ چھت گرنے سے سیمنٹ، اینٹوں، لوہے اور مٹی کا بھاری ملبہ بچوں پر آ گرا، جس کے نتیجے میں متعدد بچے جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر بچوں کی اموات سروں پر اینٹیں اور بھاری ملبہ گرنے سے ہونے والی شدید چوٹوں کے باعث ہوئیں۔ ماہرین کے مطابق کم عمر بچوں کی کھوپڑی نسبتاً نازک ہونے کی وجہ سے ان زخموں کی شدت جان لیوا ثابت ہوئی۔

رپورٹ میں 14 بچوں کی ہلاکت کی ابتدائی وجوہات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے اور متعلقہ ماہرین کی آراء کو شامل کیا گیا ہے تاکہ حادثے کی مکمل تصویر سامنے آ سکے۔حکام کے مطابق حکومت نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی جامع تحقیقات جاری ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے تعین اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔