اداکارہ ہما سلیم نے ایک پاکستانی کرکٹر پر ہراسانی اور دھمکیوں کے الزامات عائد کر دیے

اداکارہ ہما سلیم نے ایک پاکستانی کرکٹر پر ہراسانی اور دھمکیوں کے الزامات عائد کر دیے

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے ایک پاکستانی کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں، ذہنی اذیت اور کردار کشی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے اس معاملے سے متعلق شواہد بھی عوام کے سامنے پیش کریں گی۔

ہما سلیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں، کسی کرکٹر کا نام لیے بغیر، دعویٰ کیا کہ وہ ایک انتہائی پریشان کن صورتحال سے گزر رہی ہیں۔ ان کے مطابق متعلقہ شخص دھوکے باز، فراڈی اور خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ رکھنے والا ہے۔اداکارہ نے لکھا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا اس کرکٹر سے کوئی رابطہ نہیں تھا، تاہم جب بھی وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں، مذکورہ شخص دوبارہ رابطہ کرکے انہیں ذہنی طور پر پریشان کرتا ہے۔ہما سلیم کے مطابق معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں دی گئیں اور ہراساں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خاتون بلاوجہ اپنی سماجی ساکھ کو داؤ پر نہیں لگاتی، بلکہ اس وقت آواز اٹھاتی ہے جب برداشت کی حد ختم ہو جائے۔اداکارہ نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ مذکورہ کرکٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے وسائل کا غلط استعمال کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ مناسب وقت پر اس حوالے سے بھی شواہد سامنے لائیں گی اور یہ بھی بتائیں گی کہ پی سی بی کے وسائل کس طرح استعمال کیے گئے۔

ہما سلیم کا کہنا تھا کہ مبینہ ہراسانی صرف ان تک محدود نہیں رہی بلکہ ان کے اہلِ خانہ اور پیشہ ورانہ ساتھیوں کو بھی پیغامات بھیجے گئے تاکہ انہیں ذاتی اور پیشہ ورانہ طور پر نقصان پہنچایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک جذباتی طور پر اذیت دینے والے تعلق میں رہ چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کے مطابق مزید خاموش رہنا ممکن نہیں رہا۔اپنی پوسٹ کے اختتام پر ہما سلیم نے کہا کہ ہر کہانی کے دو رخ ہوتے ہیں اور وہ اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ تمام الزامات سے متعلق شواہد مناسب وقت پر عوام کے سامنے پیش کریں گی۔تاحال اس معاملے پر کسی پاکستانی کرکٹر، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) یا کسی متعلقہ فریق کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ہما سلیم نے بھی اپنی پوسٹ میں کسی فرد کا نام ظاہر نہیں کیا۔