بھارتی ٹی وی اداکارہ سنچیتا اوگلے کی مبینہ خودکشی کے واقعے میں ان کے والد نے اہم انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی گزشتہ کچھ عرصے سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے والد مچھندر اوگلے نے اپنے پہلے بیان میں کہا کہ سنچیتا اکثر اچانک افسردہ ہو جاتی تھیں اور ذہنی طور پر پریشان رہتی تھیں، تاہم انہوں نے کبھی اپنی پریشانی کی اصل وجہ اہلِ خانہ کو نہیں بتائی۔ان کے مطابق گھر والے مسلسل کوشش کرتے رہے کہ بیٹی کے ساتھ رہ کر اس کی کیفیت کو بہتر بنایا جائے، لیکن کسی کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ وہ اتنا بڑا قدم اٹھا سکتی ہیں۔والد نے مزید دعویٰ کیا کہ سنچیتا کو مبینہ طور پر مالی معاملات اور دیگر دباؤ کا سامنا تھا، اور کچھ افراد کی جانب سے انہیں مختلف وجوہات کی بنا پر پریشان کیا جا رہا تھا، جس کی مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔
انہوں نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا کہ اگر ان کی بیٹی کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی یا ناانصافی ہوئی ہے تو ذمہ دار افراد کا تعین کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے اور خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔واضح رہے کہ 22 سالہ سنچیتا اوگلے کی موت کے بعد بھارتی ٹی وی انڈسٹری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔