پاکستانی ماڈل ہما سلیم نے سوشل میڈیا پر ایک نامعلوم کرکٹر کے خلاف ہراسانی، دھمکیوں اور ذہنی دباؤ کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر جلد قانونی کارروائی کریں گی۔
ہما سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل ہراسانی، دھمکیوں اور ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق وہ گزشتہ دو ماہ سے مذکورہ شخص کے ساتھ کسی قسم کے رابطے میں نہیں ہیں، اس کے باوجود انہیں اور ان کے قریبی افراد کو مبینہ طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ماڈل نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کی پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت پر اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ اس معاملے کی مزید تفصیلات اور مبینہ شواہد عوام کے سامنے پیش کریں گی۔ہما سلیم نے اپنی پوسٹ میں متعلقہ کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی کسی مخصوص شخصیت کی نشاندہی کی۔
تاحال ان الزامات کے حوالے سے کسی کرکٹر یا ان کے نمائندے کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ الزامات کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔یہ معاملہ فی الحال سوشل میڈیا پر کیے گئے دعوؤں تک محدود ہے، اور کسی بھی قانونی کارروائی یا تحقیقات کی صورت میں مزید حقائق سامنے آ سکتے ہیں۔