لاہور: اداکارہ زرین پر مبینہ تشدد اور دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ کوکب نواز کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق اداکارہ زرین کی درخواست پر نامزد ملزمان حارث اور کوکب نواز کے خلاف جسمانی تشدد اور دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ نمبر 2167/26 درج کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 354 اور 506 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے شعبہ تفتیش کے حوالے کردیا گیا ہے۔ایس پی کینٹ کی ہدایت پر دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ایس پی کینٹ عاطف امیر کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا، جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔دوسری جانب واقعے سے متعلق اداکارہ زرین کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بیان کی ہیں۔