بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں امن و امان کی صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع سیناپتی میں سرچ آپریشن کے بعد مشتعل افراد نے آسام رائفلز کے ایک کیمپ پر حملہ کر دیا، جہاں ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے آسام رائفلز کی عمارت پر پتھراؤ کیا، احاطے میں توڑ پھوڑ کی اور کم از کم تین گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے۔بھارتی اخبار دی اکنامک ٹائمز کے مطابق گزشتہ دس روز کے دوران آسام رائفلز پر یہ تیسرا حملہ ہے، جس سے ریاست میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منی پور میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد پر قابو پانے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ منی پور گزشتہ کئی ماہ سے نسلی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کا شکار ہے، جہاں وقفے وقفے سے پرتشدد واقعات، احتجاج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں سامنے آتی رہی ہیں۔