بھارتی ریاست منی پور میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور عوام کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بھارتی جریدے “انڈیا ٹوڈے” کی رپورٹ کے مطابق منی پور میں بھارتی سیکیورٹی فورسز، خاص طور پر آسام رائفلز، کے مبینہ اقدامات پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک نئی سیکیورٹی چوکی کے قیام کے خلاف احتجاج کے دوران جھڑپیں ہوئیں، جس میں خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔مقامی ذرائع کے مطابق آسام رائفلز نے انتظامیہ کو اعتماد میں لیے بغیر اوکھرول ضلع میں نئی چوکی قائم کرنے کی کوشش کی، جس پر مقامی آبادی نے احتجاج کیا۔ صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب سیکیورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا۔احتجاج کرنے والے افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ چوکی فوری طور پر ہٹائی جائے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔