متوقع بلدیاتی الیکشن:ق لیگ کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی

لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر پاکستان مسلم لیگ (ق) نے اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری شافع حسین نے تنظیمی عہدیداران کو فوری طور پر متحرک ہونے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے یونین کونسل سطح پر پارٹی تنظیموں کو فعال بنانے، نئے عہدیداران کی نامزدگی کا عمل تیز کرنے اور عوامی رابطہ مہم میں تیزی لانے کے احکامات دئیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کے ممکنہ امیدواروں سے درخواستیں وصول کرنے کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں جبکہ پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے فارم لینے کا باقاعدہ عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کو نچلی سطح تک مزید مضبوط اور منظم بنایا جا رہا ہے۔