الیکشن کمیشن کی اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(ان لائن) الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے قانون سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کی ۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا گیا ہے مگر اسلام آباد لوکل گورنمنٹس ایکٹ میں مختلف ادوار میں ترمیم کی وجہ سے الیکشن کمیشن اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات  نہیں کروا سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کی تیاری مکمل کرتا ہے تو لوکل گورنمنٹ قوانین میں ترمیم کر دی جاتی ہے۔