بلدیاتی الیکشن ، ق لیگ تیار

لاہور (خصوصی رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے جنرل سیکرٹری و کوآرڈینیٹر وزارتِ صنعت و تجارت پنجاب ندیم پہلوان نے پارٹی قائد و سابق وزیراعظم شجاعت حسین اور صوبائی وزیرِ صنعت و تجارت شافع حسین سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ بلدیاتی انتخابات اور لاہور میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ندیم پہلوان نے لاہور میں جاری تنظیم سازی، کارکنوں کو متحرک کرنے اور انتخابی تیاریوں کے حوالے سے قیادت کو بریفنگ دی۔اس موقع پر پارٹی قیادت نے تنظیمی امور کو مزید فعال بنانے، کارکنوں کو اعتماد میں لینے اور بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاریوں کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔ندیم پہلوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شجاعت حسین، سالک حسین اور شافع حسین کی قیادت و رہنمائی میں لاہور میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ قیادت کی ہدایات پر عمل درآمد اور آئندہ تنظیمی و انتخابی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے لاہور کے تمام عہدیداران کا اہم اجلاس منگل کے روز طلب کیا گیا ہے، جس میں تنظیمی امور، کارکنوں کو متحرک کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔