سکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت خوش آئند ہے ‘ یہی رفتار برقرار رہی تو زیادہ سے زیادہ شہریوں کا اپنے گھر کا خواب جلد پورا ہو سکے گا‘ تعمیرات کے شعبے کو بھی نمایاں فروغ حاصل ہوگا، جس سے مجموعی معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی
پاکستان ریلویز میں عوام کے لئے سفر اور مال برداری کیلئے نقل و حمل کا محفوظ اور سستا ذریعہ بننے کی بھرپور استعداد موجود ہے‘ ریلویز میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فروغ دیا جائے:اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ‘‘پرائم منسٹر اپنا گھر سکیم’’ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اسکیم کی پیشرفت، درخواستوں کی صورتحال اور مالیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم نے کہا اسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت خوش آئند ہے اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو زیادہ سے زیادہ شہریوں کا اپنے گھر کا خواب جلد پورا ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی سے نہ صرف عام شہریوں کو رہائشی سہولت ملے گی بلکہ تعمیرات کے شعبے کو بھی نمایاں فروغ حاصل ہوگا، جس سے مجموعی معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اسکیم میں درخواست دینے کے عمل کو مزید آسان اور سہل بنایا جائے جبکہ وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک کو مشترکہ طور پر درخواست فارم کو عام فہم بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔انہوں نے بینکوں کو ہدایت دی کہ درخواستوں کی جانچ اور منظوری کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اسی طرح صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ زمین کے کاغذات کے حصول میں سہولت کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں۔دریں اثناء محمد شہباز شریف نے پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کے لئے سٹریٹجک روڈ میپ کی منظوری دے دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز میں اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ریلویز میں عوام کے لئے سفر اور مال برداری کیلئے نقل و حمل کا محفوظ اور سستا ذریعہ بننے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فریٹ سروس ریلوے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، مال برداری کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ریلوے اصلاحات کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاکستان ریلویز میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے ذریعے فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے نظام کی بہتری سے سڑکوں پر ٹریفک کا دبا کم ہوگا، جدید اور مثر ریلوے نظام کاربن اخراج میں کمی اور ماحول دوست نقل و حمل کے فروغ میں مددگار ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی ترقی علاقائی روابط کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی، ریلویز کی زمینوں پر نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے حاصل شدہ آمدنی کو ریلوے نظام کی بہتری کے لئے استعمال میں لایا جائے