اسلام آباد بلدیاتی الیکشن میں تاخیر، وزیر داخلہ ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن طلب

اگر سیکرٹری نہیں آ رہے تو آئندہ سب سماعتوں پر وزیر داخلہ خود آئیں گے: چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کے ریمارکس
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وزیر داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا جبکہ سیکریٹری داخلہ کو توہین کمیشن کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے دوران چیف کمشنر اسلام آباد علی رندھاوا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تاہم سیکریٹری داخلہ پیش نہ ہوئے۔سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ سیکریٹری داخلہ کہاں ہیں؟ انہوں نے ہدایت دی کہ اگلی سماعت پر وزیر داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر سیکریٹری نہیں آ رہے تو ہم وزیر داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہیں اور آئندہ سب سماعتوں پر وزیر داخلہ خود آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی حکام آپ جائیں اور کہیں کہ ہمیں الیکشن کمیشن میں سنا نہیں گیا۔الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ سیکریٹری داخلہ کو چٹھی بھیجی تھی لیکن وہ تعاون نہیں کر رہے۔ حکام کے مطابق خط بھیجا گیا تاہم اس کا کوئی جواب نہیں آیا