ٹک ٹاکر اختر لاوا کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (کرائم رپورٹر) ون وے کی خلاف ورزی اور سرکاری امور میں مداخلت کے الزام میں معروف ٹک ٹاکر اختر لاوا کے خلاف تھانہ سبزہ زار میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق کریم مارکیٹ سے خارک نالہ جانے والے ون وے روڈ پر ٹریفک وارڈنز نے خلاف ورزی کرنے والی ایک کار کو روک کر چالان کی کارروائی شروع کی تو ڈرائیور مشتعل ہوگیا اور اہلکاروں کی ویڈیو بنانا شروع کر دی۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کو طلب کیا گیا، تاہم ملزم اپنا موبائل فون موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ بعد ازاں پولیس نے ملزم کی شناخت معروف ٹک ٹاکر اختر لاوا کے طور پر کی۔ پولیس کے مطابق ٹریفک انسپکٹر رانا ظریف کی مدعیت میں ملزم کے خلاف ون وے کی خلاف ورزی، سرکاری امور میں مداخلت اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔