لاہور (کرائم رپورٹر) فیروزپور روڈ سروس روڈ پر نشتر سگنل سے ایوانِ اکبری کی جانب میزان بینک کے سامنے بارش کے باعث سروس روڈ کا ایک حصہ دھنس گیا، جس کے نتیجے میں وہاں کھڑی تین موٹر سائیکلیں گڑھے میں جا گریں۔ واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچ گئے، متاثرہ مقام کو محفوظ بنا کر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی گئی۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک روڈ انجینئر فسی شاہ کو متاثرہ مقام کی تکنیکی رپورٹ فوری تیار کرکے متعلقہ محکموں کو بھجوانے کی ہدایت کی تاکہ سڑک کی مرمت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔