لاہور (کرائم رپورٹر) شدید بارشوں کے باعث قزلباش چوک سے ٹاؤن گیٹ نمبر 1 کے قریب سڑک دھنسنے سے روڑی سے لدا ایک ڈمپر حادثے کا شکار ہو گیا۔ سڑک میں گڑھا پڑنے کے باعث ڈمپر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس کے اگلے دونوں ٹائر برسٹ ہو گئے اور گاڑی دھنسے ہوئے حصے میں پھنس گئی۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر ٹریفک پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو کارڈن آف کرکے شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی۔ ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق متعلقہ محکموں کو فوری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ سڑک کی مرمت اور ڈمپر کی منتقلی کا عمل جلد مکمل کیا جا سکے۔ لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران متاثرہ مقامات سے گزرتے ہوئے احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔