مغلپورہ پولیس کی فوری کارروائی، اسلحہ برآمد، ملزم ریکارڈ یافتہ نکلا
لاہور (کرائم رپورٹر) مغلپورہ کے علاقے میں ذاتی رنجش پر ایک نوجوان نے اپنے دوست کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم علی اکبر گھومنے کے بہانے اپنے دوست طیب کو گھر سے ساتھ لے گیا اور بعد ازاں اسے گولی مار دی۔ زخمی نوجوان کے اہل خانہ کو ہسپتال سے اطلاع ملی، جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ گولی کمر پر لگ کر پیٹ سے باہر نکل گئی، تاہم زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ مغلپورہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی اکبر کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم پہلے بھی سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔