ریاست کرناٹکا کے ضلع اتراکنٹر میں گائے چوری کے بڑھتے واقعات پرریاستی وزیر نے چوروں کوعندیہ دیدیا
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست کرناٹکا میں گائے چوری کے بڑھتے واقعات پر حکومت نے گائے چوروں کو سرعام گولی مارنے پر غور شروع کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹکا کے ضلع اتراکنڑ میں آئے روز گائے کی چوری کے واقعات رپورٹ ہورہے ہیں جس کے باعث گائے کے مالکان شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ رپورٹس کے مطابق گائے کی چوری کے بڑھتے واقعات کا مسئلہ اس قدر سنگین ہوگیا ہے کہ ریاستی وزیر نے چور کو سرعام گولی مارنے پر غور شروع کردیا ہے۔مقامی وزیر نے کہا اگر اس طرح کے واقعات ضلع میں دوبارہ ہوئے تو وہ گائے چوری کرنے والے ملزمان کو بیچ سڑک پر گولی مارنے کا حکم دے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر روز گائے کا دودھ پیتے ہیں، یہ ایک ایسا جانور ہے جسے ہم پیار اور محبت سے دیکھتے ہیں، پولیس سے کہہ دیا ہے کہ چاہے کوئی بھی ہو، ان کے خلاف کارروائی کریں۔