لاہور(کرائم رپورٹر) مئیو ہسپتال چوکی سے موصول اطلاع پر تھانہ داتا دربار پولیس نے مبینہ فائرنگ واقعے کی تحقیقات شروع کیں جہاں زخمی شہری نے نامعلوم سمت سے گولی لگنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ابتدائی بیان اور زخم کی نوعیت میں تضاد پر پولیس کو شبہ ہوا اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور انٹیلی جنس بیسڈ تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ زخمی نوجوان عمیر کا دعویٰ جھوٹا تھا اور اس نے اپنی خاتون دوست کو متاثر کرنے کے لیے خود ہی ہاتھ پر فائر کیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا اور مقدمہ درج کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ جھوٹی اطلاع دینا جرم ہے اور اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔