قلعہ دیدار سنگھ میں وقار مارا گیا، ایک ملزم زخمی ،4فرار ہو گئے
محمد علی سے چرس برآمد،دیپالپور میں 49مقدمات میں مطلوب صدیق ہلاک
گوجرانوالہ،اوکاڑہ ،حجرہ شاہ مقیم(خصوصی رپورٹ) مبینہ پولیس مقابلوں میں 2ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ایک منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے،4ڈاکو فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے ،پولیس کے مطابق تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں پولیس ناکے پر ملزموں نے فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی، تعاقب کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ایک ڈاکو وقارموقع پر ہلاک ہو گیا ،ملزم گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد اور چنیوٹ میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کے درجنوں مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، اس کے ساتھی فرار ہو گئے، ملزم کے قبضے سے دورانِ واردات چھینی گئی موٹر سائیکل، موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔دوسری کارروائی تھانہ باغبانپورہ کے علاقے میں کی گئی، جہاں منشیات فروشی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم محمد علی پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔ 520 گرام چرس اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ، دیپالپور کے علاقے میں سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی اشتہاری ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے، پولیس ذرائع کے مطابق تین ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے،سی سی ڈی پولیس نے تعاقب کیا، بھائی کے لعل چند کے قریب ڈاکوئوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو صدیق عرف صادق مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا،ملزم ٹرانسفارمر چوری سمیت 49 مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا۔